لاہور: طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کے ایک اور سہولت کار عامر حفیظ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آرگنائزڈ کرائم یونٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار سہولت کار عامر حفیظ ، امیر معصب کے قریبی دوستوں میں شامل ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ قتل کے بعد ملزمان نے رکشہ اور موٹر سائیکل میئو اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی کی، ملزم عامر حفیظ نے پارکنگ سے موٹر سائیکل اور رکشہ غائب کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں استعمال رکشہ اور موٹر سائیکل عامر حفیظ سے برآمد کرلی گئی ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے گرفتار شوٹرز کے انکشاف پر عامر حفیظ کو گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور پولیس نے طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے ملزمان شوٹر اظہر اور الیاس کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار شوٹروں نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں، شوٹرز نے بتایا تھا کہ انہوں نے قتل ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر معصب کے کہنے پر کیا تھا، امیر معصب نے قتل کروانے کے عوض 5 لا کھ روپے اور 2 گھروں کی پیش کش کی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ قتل میں ملوث دونوں شوٹر اظہر اور الیاس امیر معصب سے رابطے میں تھے، شوٹرز کی امیر معصب سے ملاقات عارف نے کرائی تھی، عارف پتوکی کا رہائشی اور امیر معصب کا سابق ملازم ہے جو تاحال گرفتار نہیں ہوسکا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا تھا کہ امیر معصب منصوبہ بندی کے تحت جاوید بٹ کے قتل سے 6 روز قبل بیرون ملک فرار ہوا، قتل میں ملوث دونوں شوٹرز قتل سے پہلے اور بعد میں بھی امیر معصب سے رابطے میں رہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں لاہور میں امیر بالاج ٹیپو قتل کے نامزد ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو نامعلوم افراد نے دن دیہاڑے کینال روڈ پر قتل کر دیا تھا۔