پشاور : وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیرداخلہ محسن نقوی کو جوابی وارننگ دیتے ہوئے ہم پرکسی نے تشدد کیا تو حالات کےذمہ دارتشدد کرنے والا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان کے بعد کہا کہ ہماری تیاری مکمل ہے اور ہمارا احتجاج پرامن ہے ، بانی پی ٹی آئی کا حکم میرے لئے ریڈ لائن ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ ہم پر کسی نے تشدد کیا تو حالات کے ذمہ دار تشدد کرنے والے ہوں گے، مجھ سے احتجاج کے حوالے سے رابطہ کرنےکی ضرورت نہیں ، میرے پاس احتجاج ملتوی کرنے کا اختیار نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ احتجاج ملتوی کرنے کا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے ، جب تک بانی پی ٹی آئی کاحکم نہیں آتا میں آگے بڑھتا رہوں گا، اگر جلوس میں اکیلا بھی رہ گیا تب بھی آگے بڑھتا رہوں گا۔
یاد رہے وزیرداخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کو خبردار کیا تھا کہ ایک ملک کا سربراہ اسلام آباد میں موجود ہے، پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، چھوٹا سا واقعہ بھی ہوگیا ملائیشیا کے وزیراعظم کی موجودگی میں تو ساری زندگی اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دفعہ ایک چوالیس لگی ہوئی ہے،اجازت لیں پھر ضرور جلسہ کریں، وزیراعلیٰ کے پی اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں، جو ہاتھ چڑھے گا نرمی کی توقع نہ رکھے۔