بانی پی ٹی آئی ڈیل کیلیے تیار نہیں اسی لیے یہ لوگ کچھ بھی کرسکتے ہیں‘

نورین نیازی

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کا کہنا ہے کہ بانی ڈیل کے لیے تیار نہیں ہیں اس لیے یہ لوگ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نورین نیازی نے کہا کہ مجھے کسی پر اعتبار نہیں، بیرسٹر گوہر نے شاید حکومت کی بات مان لی ہو لیکن کوئی اور نہیں مان رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکن بانی پی ٹی آئی کی صحت کے لیے پریشان ہیں۔

نورین نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کسی سے ڈیل کے لیے تیار نہیں اس لیے یہ لوگ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں پمز اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ تاحال تیار نہیں ہوئی، ان کی میڈیکل رپورٹ آج رات تک تیار کرلی جائے گی۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل حکام کے حوالے کی جائے گی۔

اس سے قبل ڈاکٹرز نے اڈیالہ جیل میں قید ان کا طبی معائنہ مکمل کرکے پارٹی قیادت کو اس سے باقاعدہ آگاہ کر دیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر لکھا تھا کہ شام 4 بجے 2 ڈاکٹرز (ایک ای این ٹی ماہر اور ایک طبی ماہر) بانی سے جیل میں ملنے آئے تھے۔

بیرسٹر گوہر خان نے بتایا تھا کہ ہمیں کچھ دیر پہلے اطلاع ملی تھی کہ الحمدللہ بانی خیریت سے ہیں اور انہوں نے آج ایک گھنٹہ ورزش بھی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی ان کی میڈیکل رپورٹس حاصل کریں گے اور میں شیئر کروں گا، پی ٹی آئی کے ہر کارکن اور سپورٹر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو صحت کے بارے فکر مند تھے۔