پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پریس کانفرنس کے بعد اڈیالہ جیل انتظامیہ کا موقف بھی سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل حکام نے اپنے موقف میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس کی تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی خوراک، مطالعہ، ورزش کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، بانی کے سیل میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی دی جاتی ہے۔
جیل حکام کا کہنا تھا کہ پروفیشنل قیدی کک ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا بانی کی مرضی سے تیار کرتا ہے، بانی پی ٹی آئی کا کھانا اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے۔
جیل میں متعین ڈاکٹر بانی پی ٹی آئی کا دن میں 3 مرتبہ معائنہ کرتے ہیں، 2 ہفتوں کے میڈیکل ٹیسٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔
اڈیالہ جیل کے حکام کا مزید کہنا تھا کہ 2 روز قبل پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا، بانی کو روزانہ کی بنیاد پر اخبار فراہم کیا جاتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی روزانہ 2 گھنٹے ایکسرسائز کرتے ہیں، بی کلاس میں بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں، ان کے حوالے سےپھیلائی جانےوالی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔