انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل پر دباؤ ڈالا جائے تاکہ وہ غزہ اور لبنان میں نسل کشی بند کرے۔
الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صدر اردوان نے جرمن چانسلر اولاف شولز کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہم نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی اور لبنان میں حملوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے خطے کی المناک صورتحال پر بھی گفتگو کی، ترکیہ غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی اور متاثرین کی امداد پر زور دیتا ہے۔
اردوان نے مزید کہا کہ ہمیں ایک بین الاقوامی برادری کے طور پر اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے تاکہ غزہ اور لبنان میں ہونے والی نسل کشی روکے، جب تک یہ نسل کشی جاری ہے ہمارا خطہ امن و استحکام حاصل نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں اب تک 50,000 سے زیادہ لوگ مارے جا چکے ہیں، تمام ضمیر رکھنے والوں کو اس اسرائیلی روش کو ختم کرنے کی ذمہ داری قبول کرنے کی ضرورت ہے اور ترکیہ اس پر کام جاری رکھے گا۔