مہاراشٹر: والدین کے جھگڑنے پر رات کو گھر سے نکلنے والا معصوم بچہ اس وقت ہولناک انجام کا شکار ہوا، جب اس پر ایک خوں خوار تیندوے نے حملہ کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع پونے میں تیندوے کے حملے میں ایک 7 سال کا بچہ ہلاک ہو گیا، جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ والدین کے جھگڑنے کے باعث رات کو گھر سے باہر نکل گیا تھا۔
میڈیا کو بتایا گیا کہ جمعہ کی رات جب بچے کے ماں باپ گھر میں جھگڑا کرنے لگے، تو اس دوران بچہ گھر سے باہر نکلا، اور گنّے کے کھیتوں کی طرف چلا گیا، جہاں ایک خونخوار تیندوے نے اس پر حملہ کر دیا، جس سے اس کی موت ہو گئی۔
محکمہ جنگلات کے مطابق تیندوے کے حملے میں فرتا گاؤں کا بچہ ونش راجکمار سنگھ جان کی بازی ہارا، جس کے اترپردیش کے ضلع مظفر نگر سے تعلق رکھنے والے والدین گڑھ کی ایک فیکٹری میں ملازمت کے سلسلے میں شرور تحصیل میں مقیم تھے۔
دوسری طرف راجستھان کے اُدے پور میں جمعہ کو محکمہ ماحولیات اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ایک آدم خور تیندوے کو مار گرایا ہے، محکمے کے مطابق اس تیندوے نے ضلع میں ستمبر کے 6 مختلف دنوں کو کئی لوگوں کو اپنا شکار بنایا تھا۔