پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانا ہمارا پختہ عزم ہے اور موذی مرض کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد پولیو کے عالمی دن پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو پولیوسے پاک ملک بنانا ہمارا پختہ عزم ہے اور انسداد پولیو کے عالمی دن پر اس مرض کے خاتمے کےعزم کی تجدید کرتے ہیں۔

وزئراعظم نے کہا کہ پولیو گلوبل ہیلتھ چیلنج ہے، جس کے سدباب کیلیے مشترکہ کوششیں درکار ہیں۔ عالمی شراکت داروں کے تعاون سے پولیو کیسز میں کمی کیلیے پیشرفت ہوئی۔ یونیسیف، ڈبلیو ایچ او اور بل گیٹس فاؤنڈیشن کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، جب کہ انسداد پولیو مہم کیلیے خطیر رقم مہیا کرنے پر سعودی عرب کے بھی شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہیروز نے انسداد پولیو مہم کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ ہیلتھ ورکرز آج بھی بہادری کے ساتھ ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں اور یہی انسداد پولیو ورکرز اصل ہیروز اور مجاہد ہیں، جنہیں قوم یاد رکھے گی۔ قوم شہید پولیو ورکرز اور ان کے لواحقین کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کا ہمارے ملک میں ہونا ہارے لیے لمحہ فکریہ اور چیلنج ہے۔ اس وقت تک چین سےنہیں بیٹھیں گے جب تک پولیو کو شکست نہ دیں۔ ہمیں بڑی محنت سے کام کر کے اور کاوشوں کو یکجا کر کے اس موذی مرض کا خاتمہ جلد کرنا ہوگا۔