چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی کی ریٹائرمنٹ پر فل کورٹ ریفرنس آج ہوگا

چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی فل کورٹ ریفرنس

اسلام آباد : چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی کی ریٹائرمنٹ پر فل کورٹ ریفرنس آج ہوگا، وہ ملازمت کےآخری روز صرف چیمبر ورک کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے فل کورٹ ریفرنس آج ہوگا۔

فل کورٹ ریفرنس سپریم کورٹ کمرہ عدالت نمبر ایک میں ساڑھے دس بجے ہوگا ، جس میں چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی سمیت سپریم کورٹ کے ججزشریک ہوں گے۔

فل کورٹ ریفرنس میں سپریم کورٹ کے وکلاء، عدالتی عملہ اور صحافی شریک ہوں گے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی سمیت نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی تقریب سے خطاب کریں گے، ان کے علاوہ وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل اور صدر سپریم کورٹ باربھی خطاب کریں گے۔

چیف جسٹس آج اپنے آخری دن مقدمات کی سماعت نہیں کریں گے، وہ آج چیمبر ورک کریں گے۔

آخری روز چیف جسٹس سپریم کورٹ میں زیر تعمیریادگارکا افتتاح بھی کریں گے جبکہ نامزد چیف جسٹس کی جانب سے جسٹس قاضی فائزکے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا۔

گذشتہ رات سپریم کورٹ بار اور پاکستان بارکونسل نے چیف جسٹس قاضی فائز کےاعزازمیں الوداعی عشائیہ دیا ، جس میں نامزدچیف جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس امین الدین ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس حسن رضوی، جسٹس عرفان نے شرکت کی۔

نامزدچیف جسٹس یحییٰ آفریدی ، جسٹس محمدعلی مظہر، جسٹس امین الدین ،جسٹس جمال مندوخیل سمیت سپریم کورٹ کے دیگر ججوں نے شرکت کی جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق بھی الوداعی عشائیے میں شریک ہوئے۔

جسٹس منیب اختر،جسٹس اطہرمن اللہ،جسٹس عائشہ ملک اورجسٹس شاہدوحید نہیں پہنچے۔