ممبئی: سال 2025 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ سُپر اسٹار اکشے کمار کی فلم ’بھوت بنگلہ‘ کیلیے فلمسازوں نے ہیروئن کا انتخاب کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ہارر کامیڈی فلم ’بھوت بنگلہ‘ کا اعلان کیا تھا اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ فلم میں مرکزی ہیروئن کا کردار ومیقہ گبی نبھائیں گی۔
ذرائع کے مطابق فلم کی شوٹنگ اگلے سال شروع ہوگی۔ ومیقہ گبی نے ڈیجیٹل دنیا میں اپنے کام سے سب کو متاثر کیا اور اب وہ تھیٹر کی دنیا میں ’بھوت بنگلہ‘ جیسی فلم کے ساتھ انٹری دینے کیلیے تیار ہیں۔

ومیقہ گبی نے فلم میں جاندار کردار کیلیے دستخط کر دیے لیکن اس کی تفصیلات کو خفیہ رکھا گیا ہے۔ اداکارہ کے علاوہ فلم میں مزید دو اداکارائیں نظر آئیں گی جبکہ پریش راول، راجپال یادو اور اسرانی بھی شامل ہیں۔
9 ستمبر کو اکشے کمار نے پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میری سالگرہ پر آپ کی محبت کا شکریہ، میں 14 سال بعد دوبارہ پریہ درشن کے ساتھ کام کرنے کیلیے کافی پُرجوش ہوں۔
فلم کی زیادہ تر شوٹنگ حیدر آباد، کیرالہ، سری لنکا کے جنگل میں ہوگی جبکہ گجرات میں اس کا اختتام ہوگا۔ یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ فلم میں کیارا اڈوانی، کیرتھی سریش اور عالیہ بھٹ بھی جلوہ گر ہو سکتی ہیں۔