اداکارہ مدیحہ امام نے لڑکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لانگ ڈسٹینس میرج نہ کریں۔
شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مدیحہ امام نے حال ہی میں فیصل قریشی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اس دوران کیریئر اور نجی زندگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔
میزبان نے سوال کیا کہ تمہیں شادی کے لیے پاکستان میں کوئی نہیں ملا؟
جواب میں اداکارہ نے کہا کہ یہ آپ کے کنٹرول میں نہیں ہوتا۔ 2021 میں شادی کے لیے تیار تھی لیکن کوئی مل نہیں رہا تھا پھر موجی بسر ملے اور ان سے شادی ہوگئی۔
مدیحہ امام نے کہا کہ شوہر کا تعلق بھارت سے ہے تو ان سے ملنا اکثر مشکل ہوتا ہے، میرا نصیب ہے کہ میری شادی ہوگئی لیکن اگر کسی کے پاس چوائس ہے تو میں اکثر کہتی ہوں کہ لانگ ڈسٹینس میرج نہ کرنا۔
انہوں نے کہا کہ فاصلے ہوں تو کہتے ہیں ملنے کی چاہت زیادہ ہوتی ہے لیکن میں کہتی ہوں کہ ایسی چاہت کا کیا کرنا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے لوگ کہتے ہیں کہ آپ فیصل قریشی کی پرچی ہیں، اتفاق ہے کہ ہم ایک ساتھ ڈرامے میں کاسٹ ہوجاتے ہیں، میں کہتی ہوں کہ پرچی کیوں کہہ ہے ہیں آپ خوش ہوں کہ میں ڈرامے میں نظر آرہی ہیں۔
میزبان نے کہا کہ بہت سی اداکارائیں وی جے رہی ہیں پھر اداکارہ بنیں اس کی کوئی خاص وجہ ہے؟
مدیحہ امام نے کہا کہ سارے اداکار وی جے نہیں ہیں یہ ہمارے پروڈیوسرز کا کمال ہے جب چہرہ ٹیلی ویژن پر دیکھتے ہیں تو وہ کاسٹ کرلیتے ہیں کیونکہ انہیں ٹرین کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ میں وی جے اس لیے بنی کہ مجھے مختلف موضوعات پر گفتگو کرنے کا شوق تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ ایم ٹی وی کے لیے دو سال کام کیا لیکن اے آر وائی میوزک کے لیے 7 سال تک آر جے رہی، اداکاری کے بعد یہ سب چھوڑ دیا کیونکہ پڑھائی بھی شروع کردی تھی، بیچلرز ان آرٹس مکمل کیا اور فلم میکنگ بھی پڑھی۔
مدیحہ امام نے کہا کہ مجھے اداکاروں سے ڈر لگتا تھا اس لیے ڈائریکٹر نہیں بنی لیکن پھر شوہر نے کہا کہ تمہیں ڈائریکشن میں قدم رکھنا چاہیے، ایک پروجیکٹ میں بطور ڈائریکٹر فرائض انجام دے رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اب کیمرے اتنے اچھے آگئے ہیں کہ میک اپ کی ضرورت نہیں ہے ہاں جب بڑھاپا آئے گا تو جھریاں چھپانے کے لیے میک اپ کرلیں لیکن اس عمر میں زیادہ میک اپ کریں گے تو جلد کا بیڑا غرق ہوجائے گا۔