ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان اور حال ہی میں قتل ہونے والے سیاستدان بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی کو جان سے مارنے کی دھمکی مل گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے شہر نوئیڈا سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ طالب علم کو سلمان خان اور ذیشان صدیقی کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم نے ذیشان صدیقی کے دفتر میں رابطہ کیا اور تاوان کی رقم ادا نہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ دفتر کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے معاملے کی تفتیش شروع کی اور ملزم کو حراست میں لیا۔
ذیشان صدیقی نے حال ہی میں 20 نومبر کو ہونے والے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے قبل اجیت پوار کی قیادت والی نیشنل کانگریس پارٹی (این سی پی) میں شمولیت اختیار کی۔ اگست میں انہیں کانگریس نے پارٹی سے نکال دیا تھا۔ انہیں شیو سینا (یو بی ٹی) کے امیدوار ورون سردیسائی کے خلاف میدان میں اتارا گیا۔
ذیشان صدیقی کو جان سے مارنے کی دھمکی ان کے والد این سی پی رہنما اور مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل کے کچھ دنوں بعد موصول ہوئی۔
پولیس بابا صدیقی قتل کیس کی تحقیقات میں مصروف ہے اور اس سلسلے میں کئی مشتبہ ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ لارنس بشنوئی گینگ نے سیاستدان کو ممبئی میں ان کے بیٹے کے دفتر کے قریب گولیاں مار کر قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کر رکھی ہے۔