تجزیہ کار کا مسلمان صحافی مہدی حسن پر نسلی تعصب، سی این این نے معافی مانگ لی

سی این این

امریکی ٹی وی سی این این کے پروگرام میں تجزیہ کار ریان جیمز نے مسلمان صحافی مہدی حسن پر نسلی تعصب کیا جس کے بعد چینل نے ان پر تاحیات پابندی عائد کردی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مصنف ریان جیمز سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ہیں انہوں نے پروگرام کے دوران مسلمان صحافی مہدی حسن پر نفرت انگیز جملہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تم فلسطین کے حامی ہو، کہیں تمہارا بپر نہ پھٹ جائے۔

مہدی حسن نے کہا کہ آپ براہ راست نشریات کے دوران مجھے مارنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔

پروگرام کے دوران مہدی حسن نے کہا کہ ’میں فلسطین کی حمایت میں ہوں۔‘ ریان نے جواباً کہا کہ ٹھیک ہے، مجھے امید ہے کہ آپ کا بپر بند نہیں ہوگا۔

مہدی حسن نے کہا کہ کیا تم ایک نسل پرست، پرتشدد شخص ہو جو میرے خلاف تشدد کو ہوا دے رہے ہو؟ ریان نے کہا کہ میں معافی چاہتا ہوں۔

ریان جیمز اور مہدی حسن کے درمیان گرما گرم بحث کے بعد اینکر بھی حیران رہ گئے اور دونوں کو پرسکون کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

بعدازاں سی این این نے اس بحث کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری نشریات پر نسل پرستی یا تعصب کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

برطانوی مسلمان صحافی مہدی حسن کے کہنے پر سی این این نے تجزیہ کار پر تاحیات پابندی عائد کردی ہے۔

واضح رہے کہ ستمبر میں لبنان میں ہزاروں پیجرز اور واکی ٹاکیز پر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 3 ہزار سے زائد افراد زخمی اور درجنوں جاں بحق ہوگئے تھے۔