وزیراعظم نے ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا

عمران خان کیخلاف 10 ارب ہرجانہ کیس، شہباز شریف پیش نہیں ہوئے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایپکس کمیٹی کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے طلب کیے گئے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول قیادت اور صوبائی وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہ بھی شرکت کریں گے۔

ایپکس کمیٹی اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے نتائج سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کے پی، بلوچستان سے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا تھا کہ دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارو بھی ہلاک دہشت گردوں میں شامل ہے، ہلاک دہشت گرد خودکش بمبار تیار کرنے اور حملوں میں ملوث تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی پر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، فورسز بلوچستان کے امن و استحکام سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔