خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو احتجاج کی راہ میں حائل رکاوٹیں ہٹانے کا پورا بندوبست کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت رکاوٹیں کھڑی کرنے کی حماقت نہ کرے۔ 24 نومبر کے احتجاج کی راہ میں حائل رکاوٹیں ہٹانے کا پورا بندوبست کر لیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پہلے بھی رکاوٹیں عبور کر کے اسلام آباد پہنچے تھے اور اس بار بھی پہنچیں گے۔ کنٹینرز عوام کے جوش وجذبے کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں کے پی کا قافلہ اسلام آباد پہنچے گا۔ اس بار مطالبات کی منظوری تک واپسی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دی ہے اور پارٹی کے تمام رہنماؤں، اراکین پارلیمنٹ، کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
پارٹی قیادت کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں پی ٹی آئی کا مقامی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے ملک بھر کے عوام سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔