کیا جیٹھا لال نے ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ ڈرامہ چھوڑ دیا؟

کیا جیٹھا لال نے ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ ڈرامہ چھوڑ دیا؟

ممبئی: مقبول بھارتی ڈرامہ سیریل ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں جیٹھا لال کا کردار نبھانے والے اداکار دلیپ جوشی کے شو چھوڑنے کی افواہیں گردش کرنے لگی ہیں۔

ایک انڈین میڈیا آؤٹ لیٹ نے خبر جاری کی کہ دلیپ جوشی نے جیٹھا لال کا کردار نبھانے سے انکار کرتے ہوئے ڈرامے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز دلیپ جوشی اور ڈرامہ سیریل کے پروڈیوسر اسیت مودی میں جھگڑے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ بتایا گیا تھا کہ جیٹھا لال نے چھٹیوں کی درخواست کی تھی جسے پروڈیوسر نے مسترد کر دیا تھا۔

جھگڑے کے دوران دلیپ جوشی نے اسیت مودی کا گریبان پکڑ لیا تھا اور شو چھوڑنے کی دھمکی بھی دی تھی جس کے بعد یہ افواہیں گردش کرتی رہیں کہ اداکار نے ڈرامے سے علیحدگی اختیار کر لی۔

افواہوں کا علم ہونے پر دلیپ جوشی نے ان کی سخت سے تردید کی اور غلط خبریں پھیلانے پر مایوسی کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا میں میرے اور اسیت مودی کے بارے میں کچھ ایسی خبریں آئی ہیں جو جھوٹی ہیں اور مجھے ایسی باتوں سے بہت دکھ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’تارک مہتا کا اولٹا چشمہ‘ ایک ایسا شو ہے جو میرے اور لاکھوں مداحوں کیلیے بہت اہمیت رکھتا ہے، جب لوگ بے بنیاد افواہیں پھیلاتے ہیں تو اس سے نہ صرف ہمیں بلکہ ہمارے ناظرین کو بھی تکلیف ہوتی ہے۔

’کسی ایسی چیز کے بارے میں منفی خبروں کو پھیلاتے ہوئے دیکھ کر مایوسی ہوتی ہے جس نے اتنے سالوں سے بہت سارے لوگوں کو بہت خوشی دی ہے۔ ہر بار جب اس طرح کی افواہیں پھیلتی ہیں تو ہمیں وضاحت کرنی پڑتی ہے۔‘

یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ڈرامے نے پروڈیوسر کے خلاف سنگین الزامات کے بعد اداکاروں کے شو چھوڑنے کے ساتھ سرخیاں بنائیں۔

شیلیش لودھا، جینیفر مستری اور پلک سندھوانی جیسے اداکاروں نے بھی اسیت مودی پر ہراساں کرنے، بدسلوکی اور واجبات کی عدم ادائیگی کا الزام لگا کر شو چھوڑ دیا تھا۔