حکومت کی طرف سے ٹھنڈی ہوا آئے تو مذاکرات کا ماحول بن سکتا ہے: شاہ محمود قریشی

شاہ محمود

سابق وزیر خارجہ و پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے ٹھنڈی ہوا آئے تو مذاکرات کا ماحول بن سکتا ہے۔

تفصیلات کے مبطابق شاہ محمود قریشی نے لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ حکومت سےکہا مذاکرات کیا کریں، تحریک انصاف بہت بڑی جماعت ہے پابندی لگانا حماقت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سوچ کا نام ہے، کامران مرتضیٰ کہتے ہیں ہم سے دھوکا کیا گیا، ہم سے جو معاملات سلجھانے کی بات کر رہے تھے آج وہ بھی نالاں ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانا چاہیے جس نے بھی یہ سب کیا انہیں سزا ملنی چاہیے، ڈیڑھ سال سے جیل کاٹ رہا ہوں، اگر قصور وار ہوں تو سزا سنائی جائے، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، محمود الرشید، عمرسرفراز چیمہ کو ریلیف ملنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملٹی پارٹی کانفرنس وفاقی حکومت کو الٹا پڑ گئی، ملٹی پارٹی کانفرنس کہہ رہی ہے وفاقی حکومت ناکام ہو گئی کیوں کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے جو وعدہ کیا وہ پورا نہیں کیا۔