سوار محمد حسین شہید کا 53 واں یوم شہادت، عسکری قیادت کا خراجِ عقیدت پیش

سوار محمد حسین شہید

راولپنڈی : عسکری قیادت نے سوارمحمد حسین شہیدنشان حیدر کو 53واں یومِ شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت وطن کیلئےافواج پاکستان کےغیرمتزلزل عزم کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوار محمد حسین شہید کا 53واں یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے، دن کا آغاز مساجد میں قران خوانی اور دعاوٴں کے ساتھ ہوا، علماء کرام نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لئے خصوصی دعاوٴں کا اہتمام کیا۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ عسکری قیادت نے سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کی برسی کے موقع پر پیغام جاری کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سوار محمد حسین 1971 کی جنگ میں ظفر وال شکر گڑھ سیکٹر پر شہید ہوئے، ان کی لگن ،فرض شناسی سے دشمن کے 16 ٹینک تباہ کئے گئے اور فرض ادائیگی کے دوران دشمن کی گولی سینے میں لگنے سے شہید ہوئے۔

سوار محمد حسین کی شہادت وطن کیلئے افواج پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کامنہ بولتاثبوت ہے ، قوم وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

خیال رہے سوار محمد حسین 18 جنوری 1949 کو ڈھوک پیر بخش ضلع راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان میں پیدا ہوئے ، 1971 کی جنگ میں سوار محمد نے بطور اسلحہ بردار ٹرک ڈرائیور شکر گڑھ سیکٹرمیں نمایاں کردار ادا کیا۔

ہرطرف آگ، بارود اور دھوئیں کے بادل چھائے ہوئے تھے ، آگ کے طوفان میں ایک پر جوش جوان ہر قسم کے خطرے سے بے نیاز ہو کر اگلے مورچوں کے درمیان دوڑ دوڑ کر شجاعت کا ایک نیا ورق لکھ رہا تھا ، سوار محمد حسین نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ایک مورچے سے دوسرے مورچے تک گولہ بارود پہنچاتے رہے۔

علاوہ ازیں کئی بارلڑاکاگشت کی کارروائیوں میں بھی رضاکارانہ طور پر شامل ہوئے اور 7 دسمبر کو ایسی ہی ایک لڑاکا گشت کے دوران شہید نے اپنے 3 ساتھیوں کے ہمراہ دشمن کو گدرپور گاؤں سے بھگایا ، آپ نے گجگال گاؤں کی جانب دشمن کی پیش قدمی سے متعلق اہم معلومات بھی اپنے یونٹ ہیڈکوارٹرز کو فراہم کیں۔

9دسمبر کو انہوں نے انتہائی کامیابی سے دشمن کے ایک آرٹلری آبزرور کی نشاندہی کی اور اسے مار بھگایا اور  10 دسمبر کو بھی آپ ہندوستانی ٹینکوں کی نشاندہی اور ان پر فائر گرانے میں اہم کردار اداکرتے رہے۔

آپ کی درست نشاندہی کے نتیجے میں ہندوستان کے 16 ٹینک تباہ ہو گئے اور اس دوران وطن کا یہ بہادر بیٹا دشمن کے ٹینک پر نصب مشین گن فائر کی زد میں آکر شہید ہوگئے، وہ پوری دنیا کی فوجی تاریخ میں یقیناً ایک مثالی درجہ رکھتے ہیں۔