وزیراعظم نے کہا ہے کہ تعلیمی وظائف اور لیپ ٹاپ اسکیموں میں پورے پاکستان کو شامل کیا، تعلیمی وظائف بڑھائے ہیں تاکہ قابل طلبہ آگے آسکیں۔
شہباز شریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے میدان میں اقدامات اٹھارہے ہیں، بچیوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنے کی مکمل کوشش کی، چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اقدامات کیے، بھٹوں پر چائلڈ لیبر کی بیڑیوں کو ہمیشہ کیلئے کاٹ دیا، 90 ہزار بھٹہ مزدور بچوں کو قید سے نکال کراسکولوں میں ڈالا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پسے ہوئے طبقے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، دنیا بھر میں آج انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جارہا ہے، تقریب میں شرکت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انھوں نے کہا کہ 1948 میں انسانی حقوق کے حوالے سے یونیورسل ڈیکلیریشن بنا، ہمیں رنگ ونسل اور ذات پات سے بالاتر ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام انسان آزاد پیدا ہوئے ہیں، ہمیں عبادت سمجھ کراس مشن کو لےکر چلنا ہے، 1400 سال پہلے نبی پاکﷺ نے انسانی حقوق کا درس دیا، تمام انسانوں کو عزت اور وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے۔
بانی پاکستان نے اپنے ابتدائی خطاب میں انسانی حقوق کی وضاحت کی ہے، قومی سطح پراہداف کے حصول کیلئے کام ہورہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو ساتھ لےکر چل رہے ہیں، پاکستان میں اسماعیلی کمیونٹی کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔