مچھر مار کوائل کی وجہ سے 5 بچے جھلس کر زخمی

مچھر مار کوائل کی وجہ سے 5 بچے جھلس کر زخمی

کراچی: شہر قائد میں مچھروں سے بچنے کیلیے گلوب جلانے سے گھر میں خوفناک آتشزدگی کے باعث 5 کمسن بہنیں جھلس گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی سکندر آباد گلی نمبر 28 میں واقع  گھر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں اہلخانہ نے گھر میں مچھروں سے بچنے کے لیے گلوب جلایا تھا جس سے بستروں میں آگ لگ گئی۔

آگ کے باعث گھر میں موجود پانچ بچے جھلس کر زخمی ہوگئے، ابتدائی طور پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ یہ حادثہ سلنڈر بھٹنے کے باعث پیش آیا ہے تاہم پولیس نے اس کی تردید کردی ہے۔

پولیس کے مطابق حادثہ سلنڈر پھٹنے یا گیس اخراج سے نہیں ہوا بلکہ گھر میں مچھروں سے بچنے کیلئے گلوب لگایا گیا تھا اس سے آگ بھڑک اٹھی تھی، اہل خانہ گھبرا گئے تھے اس لئے علاقہ اور وقوع غلط بیان کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر بچوں کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا اس کے بعد سول برنس وارڈ بھیجا گیا، بچوں کو اسپتال انتظامیہ نے داخل کرنے سے انکار کر کے واپس بھیج دیا تھا تاہم پولیس نے طبی امداد کیلئے دوباہ بچوں کو اسپتال بھیجا ہے۔