اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اڈیالہ جیل میں قید بانی عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ ڈیل کی وجہ سے مؤخر ہونے کی تردید کر دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ ڈیل کی وجہ سے مؤخر نہیں ہو رہا، عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ وہ کوئی ڈیل نہیں چاہتے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ عمران خان کی رہائی کسی ایگزیکٹو آرڈر کے نتیجے ہو، ہم چاہتے ہیں قانونی طریقہ کار مکمل کیا جائے اور پھر رہائی ہو۔
مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دو مطالبات مذاکرات میں رکھ چکی ہے کہ 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کو رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی اطلاع نہیں آئی کہ کل عمران خان سے ملاقات شیڈول ہے، مذاکرات پاکستان کیلیے کر رہے ہیں اس میں تعطل نہیں آنا چاہیے، ہم اپنی تیاری شروع کر چکے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر کہا کہ ڈیل کے تحت القادر ٹرسٹ کیس میں تاریخیں آگے بڑھنے کی تردید کرتے ہیں، یہ جعلی کیس ہے گواہوں نے بتا دیا کہ عمران خان نے کوئی پیسے نہیں لیے۔
بانی پی ٹی آئی سمیت تمام اسیران کو میرٹ پر ضمانت ملنی چاہیے
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ عمران خان سمیت تمام اسیران کو میرٹ پر ضمانت ملنی چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کیلیے بات کی ہے اور کہا ہے کہ میرے ساتھ جو ہوا میں ان کو معاف کرتا ہوں۔
عمر ایوب نے کہا کہ 2 ارب ڈالر جو لوگ ملک چھوڑ کر گئے ان کے ساتھ چلے گئے، ملک میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ صفر ہے جبکہ بیروز گاری عروج پر ہے، ملک ہمارا ڈاما ڈول کی صورتحال میں ہے فوری الیکشن ہی مسائل کا حل ہیں۔
جبر کے ماحول میں معیشت کی ترقی نہیں ہو سکتی
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کل میری عمران خان سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ اسیران کی رہائی کے بعد باہر آنے والا آخری شخص ہوں گا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جبر کے ماحول میں معیشت کی ترقی نہیں ہو سکتی، ریاست اور عوام میں جو دوریاں پیدا ہوئیں ان کو ختم کیا جانا چاہیے، الیکشن میں جو عوام کے ووٹ کو چرایا گیا اس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔