لڑکیوں کی تعلیم بڑا چیلنج ہے، مسلم ملکوں کو بڑے پیمانے پر کام کرنا ہوگا، وزیراعظم

شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم بڑا چیلنج ہے، مسلم ملکوں کو بڑے پیمانے پر کام کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شرکاکوعالمی کانفرنس میں شرکت پرخوش آمدید کہتے ہیں، عالمی کانفرنس کا انعقاد پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان،محمدبن سلمان کے کانفرنس میں تعاون پرشکرگزارہیں اور ملالہ یوسفزئی کی کانفرنس میں شرکت باعث فخر ہے ، ملالہ یوسفزئی بہادری اورہمت کی علامت ہیں۔

وزیراعظم نے شہیدبینظیربھٹو کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہرمعاشرے میں تعلیم کا حصول بنیادی حق ہے، لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے یہ کانفرنس بہت اہم ہے۔

انھوں نے کہا کہ قائداعظم نے ہمیشہ قوم کی ترقی میں خواتین کے کردار کواہم سمجھاہے، دنیابھرمیں خواتین کو حقوق کی فراہمی کیلئے چیلنجز کا سامناہے اور لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کا چیلنج درپیش ہے تاہم تعلیم کے شعبےمیں درپیش چیلنجزکو ہرصورت ختم کرنا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت مسلم دنیا میں لڑکیوں کی تعلیم ایک بڑا چیلنج ہے ، اس کیلئے آواز بلند کرنا ہوگی، لڑکیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے ہی معاشرہ مضبوط اور ترقی یافتہ ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی اور پاکستانی تنظیموں سے کہتے ہیں آئیں لڑکیوں کو تعلیم کی راہ میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور مسائل کے حل کیلئے مل کرکام کریں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ طالبات اپنی قابلیت سے بین الاقوامی معیشت میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہیں، لڑکیوں کو تعلیم نہ دینا اُن کو روشن مستقبل کے حصول سے روکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں، خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ترقی کیلئے کردار ادا کریں، ہماری حکومت طلباکی بہترتعلیم اور روزگار کیلئے کوشاں ہے۔