سیمی فائنل سے قبل ارشد ندیم چیمپئنزٹرافی لےکر میدان میں آئے، آئی سی سی نے ویڈیو شیئر کردی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو چیمپئنزٹرافی سیمی فائنل سے قبل گرائونڈ میں ایونٹ کی ٹرافی لانے لیے مدعو کیا۔

آئی سی سی کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر جیولین تھرور ارشد ندیم کی ویڈیو جاری کی گئی ہے، جس میں انھیں 2025 ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی کے ساتھ میدان میں آتے دکھایا گیا ہے، لاہور میں ہونے والے سیمی فائنل سے قبل ارشد نے دونوں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔

ویڈیو میں ارشد ندیم اپنا تعارف کراتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں جیولین تھرور ہوں اور میرا نام ارشد ندیم ہے، میں پاکستان پنجاب سے ہوں، آئی سی سی چیمپئنزٹرافی پاکستان میں منعقد ہورہا ہے۔

ارشد ندیم ویڈیو میں مزید کہتے ہیں کہ بڑی خوشی ہورہی ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ہورہا ہے، آج نیوزی لینڈ اور سائوتھ افریقہ کا سیمی فائنل ہے۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ وہ محنت کریں گے اور جو محنت کرتا ہے وہی فائنل تک پہنچتا ہے، وہی چیمپئن بنتا ہے۔

خیال رہے کہ چیمپئنزٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوا، کیویز نے پروٹیز کو 50 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جہاں اس کا مقابلہ اتوار کو بھارت سے ہوگا۔