بشار باقیات کیخلاف کومبنگ آپریشن، کرفیو نافذ

معزول صدر بشارالاسد کے حامی گروپوں سے جھڑپوں کے بعد شامی سیکیورٹی فورسز نے جبلہ میں مزید کمک بھیج دی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لاذقیہ اور طرطوس گورنری کے مرکز پر شامی فورسز نے کنٹرول سنبھال لیا ہے اور بشار باقیات کیخلاف آپریشن جاری ہے۔

شامی فورسز نے لاذقیہ اور طرطوس میں بشار باقیات کیخلاف کومبنگ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

شام کے ساحل پر جبلہ کے کئی علاقوں میں جھڑپیں جاری اب بھی جاری ہیں اور صورتحال کے پیش نظر لاذقیہ اور طرطوس گورنری کے شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شام کے معزول صدر بشار الاسد کے حامی جنگجوؤں نے گزشتہ شب صوبہ لطقیہ کے قصبے جبلہ میں حکومتی فورسز پر حملہ کیا تھا جس کی جوابی کارروائی میں 28 جنگجو مارے گئے۔

رپورٹ کے مطابق بشار الاسد کے حامیوں نے جبلہ اور آس پاس کے دیہی علاقوں میں سکیورٹی گشت اور چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں 16 سیکورٹی اہلکار اور 4 عام شہری جاں بحق ہو گئے۔

شامی سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے آپریشن کیا اور 28 جنگجوؤں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جب کہ جھڑپوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

شامی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں استحکام بحال کریں گے اور اپنے عوام کی جان ومال کا تحفظ کریں گے۔

واضح رہے کہ دو ماہ قبل شامی باغیوں کے ملک بھر سمیت درالحکومت پر قبضے کے بعد بشار الاسد ملک چھوڑ کر روس فرار ہوگئے تھے اور یوں شام سے اسد خاندان کے 51 سالہ دور حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔

شام کی عبوری حکومت نے ملک کے نئے آئین کی تیاری کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔