برطانیہ میں اس بار عید پر پہلی بار کیا ہوگا؟

دنیا بھر میں مسلمانوں کا ماہ مقدس رمضان المبارک جاری ہے جس کے اختتام پر عید ہوگی برطانیہ میں اس بار عید پر کچھ نیا ہونے جا رہا ہے۔

برطانیہ میں بھی مسلمانوں کی بڑی تعداد مقیم ہے جو دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح عیدالفطر کا تہوار مذہبی روایات اور جوش وجذبے کے ساتھ مناتی ہے۔

اس سال برطانیہ میں عید کے موقع پر کچھ نیا ہونے جا رہا ہے جو اس سے قبل برطانیہ کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ اس سال عید پر برطانوی نشریاتی ادارہ بی بی سی پہلی بار عید کی خصوصی عبادات کو لائیو نشر کرے گا جو برطانوی ٹیلی ویژن کی تاریخ میں نیا سنگ میل ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق عید لائیو اور سیلیبریٹی عید کے عنوان سے یہ پروگرام بریڈ فورڈ سے نشر کیے جائیں گے، جو اس سال برطانیہ کا سٹی آف کلچر بھی ہے اور بی بی سی کے نئے تھرلر وردی کی عکسبندی کا مقام بھی رہا ہے۔

عید لائیو کی میزبانی جیسن محمد کریں گے اور یہ برطانوی زمینی نشریاتی چینلز پر پہلی بار کسی مسجد سے براہِ راست نشر کیا جانے والا پروگرام ہوگا۔

یہ خصوصی نشریات اگلے ماہ شوال (عیدالفطر) کی صبح بریڈ فورڈ سینٹرل مسجد سے ہوں گی، جہاں تقریباً 1,500 نمازی عبادت میں شریک ہوں گے۔ دو میزبان مسجد کے باہر موجود ہوں گے جبکہ مختلف مہمان بھی اس پروگرام کا حصہ بنیں گے۔

اسی روز سیلیبریٹی عید پروگرام بھی نشر کیا جائے گا، جس میں معروف مسلم اور غیر مسلم شخصیات اکٹھا ہو کر عید کا جشن منائیں گی۔