جنوبی کوریا میں جنگل کی آگ بے قابو، 26 ہلاک

جنوبی کوریا کے جنوب مشرقی علاقے میں گزشتہ پانچ دنوں سے لگی جنگل کی آگ پر قابو پانے کے لئے کوششیں جاری ہیں، آتشزدگی کے باعث کم از کم 26 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں اور خشک موسم کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے، جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں جنگل کی آگ بجھانے کے لیے تقریباً 5,000 فائر فائٹرز، 560 سے زائد آلات اور درجنوں ہیلی کاپٹرز کو تعینات کیا گیا ہے، مگر آگ تیزی سے گیوں گسانگ صوبے کے سانی چیونگ کاؤنٹی سے دیگر علاقوں تک پھیل رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق آگ اب ہمسایہ علاقوں اندونگ، چیونگ سونگ، یونگ یانگ اور یونگ ڈاک تک پھیل چکی ہے۔

‘سینٹرل ڈیزاسٹر اینڈ سیفٹی ہیڈکوارٹر’ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گزشتہ روز تک 26 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے 22 اموات اوئی سونگ میں اور 4 سانی چیونگ میں ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں میں 2 افراد اندونگ، 3 چیونگ سونگ، 6 یونگ یانگ اور 7 یونگ ڈاک سے تعلق رکھتے تھے۔

اسرائیلی فوج کی بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری، حماس ترجمان بھی شہید

حکام نے خبردار کیا ہے کہ اچانک ہواؤں کی سمت تبدیل ہونے کے سبب آگ مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث آگ کے مشرقی ساحلی علاقوں تک پھیلنے کا خدشہ ہے، جس سے اولجن کاؤنٹی میں موجود ایک بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

حکام کے مطابق، آگ نے اب تک 17,000 ہیکٹر جنگلات اور 209 مکانات و فیکٹریوں کو تباہ کر دیا ہے۔