اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کیلیے منعقد تقریب میں حصہ لینے والے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے اہم جنگجو کو شہید کر دیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے شن بیٹ انٹیلیجنس سروس کے تعاون سے وسطی غزہ میں دیر البلاح کی نخبہ فورس کے جنگجو حمزہ وائل محمد آصفہ کو نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: جنگ بندی کیلیے مصری تجویز نے حماس کو حیران کر دیا
اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس نے دو ہفتے قبل حماس کے جنگجو کو شہید کیا تھا، حمزہ وائل محمد آصفہ نے فروری میں اسرائیلی یرغمالیوں ایلی، اوہد بن امی اور اور لیوی کی رہائی کی تقریب میں حصہ لیا تھا۔
حماس کی جانب سے اب تک جنگجو کی شہادت کی تصدیق نہیں کی گئی۔
21 مارچ کو اسرائیل نے جنوبی غزہ میں حماس کے ملٹری انٹیلیجنس کے سربراہ کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس نے حماس کے ملٹری انٹیلیجنس کے سربراہ اسامہ تابش کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ جنوبی غزہ کے رفح پر زمینی حملہ جاری ہے اور فوجی دستے بیت لاہیہ اور وسطی علاقوں کے قریب شمال کی طرف بڑھ رہے ہیں۔