کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں بلال کالونی پارک کے قریب سے خاتون کی لاش ملنے کے واقعے کے سلسلے میں ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس میں خاتون کو موٹر سائیکل پر سوار دیکھا جا سکتا ہے۔
اے آر وائی نیوز نے ایک سرویلنس فوٹیج حاصل کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کو کورنگی کے پارک میں کیسے لایا گیا تھا، فوٹیج میں خاتون کو موٹر سائیکل پر بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اور موٹر سائیکل سوار کے ساتھ ایک بچہ بھی موجود ہے۔
مقتول خاتون کی شناخت 26 سالہ سپنا انیس کے نام سے ہوئی ہے، نادرا ڈیٹا کے مطابق خاتون کا تعلق نوشہرو فیروز سے ہے، فوٹیج کے مطابق خاتون ممکنہ طور پر قاتل کو جانتی تھی۔
پولیس کے مطابق خاتون کے سر کے پیچھے سے گولی چلائی گئی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے گولی کا کوئی خول نہیں مل سکا ہے۔
دریں اثنا، پولیس نے جاں بحق خاتون کے اہل خانہ سے رابطہ کر لیا ہے، ورثا نے خاتون سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فیملی کے مطابق سپنا شادی شدہ تھی، اور وہ مبینہ طور پر بھاگ کر کراچی آئی تھی، تاہم خاتون کب اور کیوں کراچی آئی، اس کی تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔
کراچی : لیاقت آباد ندی سے بچی کی لاش ملنے کا واقعہ، پولیس کو اہم ثبوت مل گئے
پولیس حکام کے مطابق سپنا کو سر کے پیچھے سے گولی مار کر قتل کیا گیا، تاہم کورنگی بلال کالونی پارک میں جائے وقوعہ سے گولی کا خول نہیں مل سکا، ہو سکتا ہے گولی مارنے والا خول بھی اٹھا کر لے گیا ہو۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فیملی نے مقدمہ درج نہ کروایا تو سرکار کی مدعیت میں درج ہوگا، پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی انتظار کر رہے ہیں۔