مودی کے جنگی جنون سے سرحد کے دونوں جانب جاری کرکٹ لیگز متاثر

پاکستان میں پی ایس ایل اور بھارت میں آئی پی ایل جاری ہیں لیکن مودی سرکار کے پاگل پن کی وجہ سے یہ جنٹلمین کھیل بھی شکار بن رہا ہے۔

پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں کروڑوں لوگ کرکٹ کے شیدائی ہیں اور اس وقت دونوں ممالک میں کرکٹ لیگز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) جاری ہیں۔ تاہم جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکاری کا پاگل پن اس جنٹلمین کھیل کو بھی شکار بنا رہا ہے۔

بھارت کے پاکستان پر رات کی تاریکی میں حملے اور پاک فوج کے اپنے دفاع میں فوری منہ توڑ جوابی حملے کے بعد جنگ کے بادل مزید گہرے ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر سرحد کے دونوں جانب کرکٹ لیگز بھی متاثر ہورہی ہیں۔

پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں دنیا بھر سے کرکٹرز کھیل رہے ہیں لیکن مودی کی ہٹ دھرمی نے ان لیگز کو کاری ضرب لگائی ہے۔

بھارت کے میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد ان کے اپنے ملک میں بھی آئی پی ایل شدید متاثر ہو رہی ہے اور 11 مئی کو ہونے والا میچ دھرم شالہ سے احمد آباد منتقل کردیا گیا ہے جب کہ دنیا کی مقبول ترین لیگ میں سے ایک پی ایس ایل 10 کا آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والا میچ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل 10 کے میچز سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کے لیے وزارتِ داخلہ اور پی ایس بی حکام کا اجلاس ہوا۔ جس میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز جو لاہور، پنڈی اور ملتان میں ہونے تھے وہ کراچی منتقل کر دیے گئے ہیں۔

تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی زیادہ ہوئی توپی ایس ایل کے میچز دبئی یا دوحہ منتقل کئے جاسکتے ہیں جبکہ پی ایس ایل 10 کے میچز منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ آج شام تک ہوگا۔