راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ سیز فائر ہوگیا تو آپس میں بھی ہونا چاہیے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپس میں سیز فائر ہونا چاہیے تاکہ قوم میں یکجہتی، عمران خان اور اہلیہ کی رہائی ہو، لیڈروں کے مقدمات اور پکڑ دھکڑ ہمیشہ ہمیشہ کیلیے ختم ہونی چاہیے، اسمبلی میں بھی کہا تھا ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے رہنما کو مزید جیل میں نہ رکھیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اللہ نے کرم نوازی کی بھارت کا غرور خاک میں ملا ہے، دعائیں قبول ہوئیں قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے، پاکستان کا جواب پوری دنیا نے دیکھا اور سنا بھارت نے محسوس بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: جنگ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بہترین پرفارم کیا، چیئرمین پی ٹی آئی
انہوں نے کہا کہ بھارت نے خود اعتراف کیا پاکستان نے 26 مقامات پر ٹارگٹ کیا، بھارتی ایئر فورس نے بھی اعتراف کیا کہ ان کے رافیل جہاز کا کتنا نقصان ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے حق میں پی ٹی آئی سب سے آگے تھی، پی ٹی آئی نے قومی یکجہتی اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی۔
’پاکستان سے دنیا کے تعلقات اب تبدیل ہوں گے دنیا کا نظریہ تبدیل ہوگا۔ پہلی بار دنیا نے دیکھا کہ کسی مسلمان ملک نے اپنا لوہا منوایا۔ اسمبلی میں کہا تھا کہ پاک بھارت لڑائی، غزہ اور اسرائیل والی نہیں بلکہ بڑی مختلف ہوگی۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ خوشی کی بات ہے آج عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت مل گئی، یہ ملاقات ضروری تھی امید ہے ہو جائے گی، 6 وکلا کے نام دیے تھے ظہیر عباس چوہدری اور سلمان صفدر اندر جا چکے ہیں۔