پوپ لیو کی دنیا بھر میں جنگوں کے خاتمے کے لیے عالمی رہنماؤں کے درمیان ثالثی کی پیشکش

کیتھولک عیسائیوں کے نئے مذہبی پیشوا پوپ لیو نے دنیا بھر سے جنگوں کے خاتمے کے لیے عالمی رہنماؤں کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

دنیا میں اس وقت جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور کئی ممالک ایک دوسرے کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ حال ہی میں دو ایٹمی ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہوئی ہے۔

تاہم غزہ جنگ، روس اور یوکرین جنگ، مشرق وسطیٰ میں علاقائی اور بین الاقوامی تنازعات کے باعث دنیا کا امن داؤ پر لگا ہوا ہے۔ ایسے میں کیتھولک عیسائیوں کے نئے مذہبی پیشوا پوپ لیو نے دنیا بھر میں جنگوں کے خاتمے کے لیے عالمی رہنماؤں کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

العربیہ کے مطابق پوپ لیو چہاردہم نے بدھ کے روز جنگ زدہ ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ازخود "ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ امن قائم ہو۔”

انہوں نے مشرقی کیتھولک گرجا گھروں کے ایک اجلاس میں شرکت کی اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ "دی ہولی سی (ویٹیکن) ہمیشہ دشمنوں کو ایک جگہ روبرو لانے اور ایک دوسرے سے بات کرنے میں مدد کرنے کے لیے تیار رہتا ہے تاکہ ہر جگہ کے لوگوں کو دوبارہ امید مل سکے اور وہ وقار بحال کر سکیں جس کے وہ حقدار ہیں، امن کا وقار۔

پوپ لیو نے کہا کہ ہماری دنیا کے لوگ امن کے خواہاں ہیں اور میں ان کے رہنماؤں سے دلی اپیل کرتا ہوں: آئیے ملیں، بات کریں اور مذاکرات کریں!

واضح رہے کہ پوپ لیو پاک بھارت میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے غزہ اور اسرائیل میں بھی جنگ بندی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

https://urdu.arynews.tv/pahalgam-pope-leo-welcomes-ceasefire-between-india-and-pakistan/