یوکرین کی فضائیہ نے امریکی ساختہ جنگی طیارہ ایف 16 اچانک لاپتا ہونے کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کر دی۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق علی الصبح ایف 16 کا یوکرین کی فضائیہ سے رابطہ اچانک منقطع ہوگیا تھا جس کے بعد طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی خبر سامنے آئی۔
فضائیہ کے مطابق ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق طیارے میں ایک غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی، پائلٹ ایف 16 کو بستی سے دور لے گیا اور گرنے سے قبل خود کو فضا میں ہی بحفاظت باہر نکال لیا۔
یہ بھی پڑھیں: روسی جنگی جہاز نے امریکی ایف 16 کے پائلٹ کے ہوش اڑا دیے
ترجمان نے بتایا کہ پائلٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایف 16 کو پیش آیا حادثہ کسی روسی حملے کا نتیجہ معلوم نہیں ہوتا تاہم حادثے کا سبب معلوم کرنے کیلیے ایک تحقیقاتی کمیشن بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ کی طرف سے منظور شدہ پروگرام کے تحت یوکرین کو گزشتہ سال امریکی اتحادیوں سے لڑاکا طیارے ملنے کے بعد یہ دوسرا حادثہ ہے۔
اگست 2024 کے آخر میں ایک F-16 گر کر تباہ ہوگیا تھا جبکہ اس کا پائلٹ ایک بڑے روسی فضائی حملے کو پسپا کرتے ہوئے ہلاک ہوا تھا۔
یوکرین نے اب تک اپنے پاس موجود لڑاکا طیاروں کی تعداد ظاہر نہیں کی۔