راولپنڈی: انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق خاتون اوآل بشریٰ بی بی کی 26 نومبر کے 29 مقدمات میں ضمانت میں توسیع کر دی۔
بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر کے 29 مقدمات کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔ ملزمہ کے خلاف راولپنڈی، ٹیکسلا اور اٹک میں مقدمات درج ہیں۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 12 جون 2025 تک توسیع کی۔ دوران سماعت ملزمہ کی جانب سے معروف قانون دان محمد فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: 26 نومبر احتجاج کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور
فروری میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 نومبر کے مقدمات میں گرفتار تمام پی ٹی آئی ورکرز کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے ایک سو بیس کارکنوں کی ضمانتیں منظور کی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے گرفتار ملزمان کو بیس ہزار کے ضمانتی مچلکے اور بیان حلفی جمع کروانے کا بھی حکم دیا تھا۔
قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے ضمانتیں منظور کیں اور فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔ قائم مقام چیف جسٹس نے ہدایت کی تھی کہ بیان حلفی دیں کہ آئندہ ایسا جرم نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 26 نومبر کو احتجاج کے دوران پولیس نے متعدد کارکنوں کو حراست میں لیا تھا جن کی رہائی کیلیے عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔