دلہن نے بارات آتے ہی دولہے کو دیکھ کر شادی سے انکار کردیا

بھارت میں دلہن نے بارات آتے ہی دولہے کو دیکھ کر شادی کرنے سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے ضلع سنبھل میں گھر میں شادی کی تیاریاں زوروں پر چل رہی تھیں، شادی کی بارات بینڈ باجے کے ساتھ پہنچی لیکن تھوڑی ہی دیر مین دولہے کو دیکھ کر دلہن حیران رہ گئی اور شادی سے بھی انکار کردیا۔

دولہا منتیں کرتا رہا کہ میری غلطی نہیں ہے۔ لیکن دلہن نے کسی کی نہ سنی۔ دراصل دولہا شراب پی کر پہنچا تھا۔

سنبھل ضلع کے بہجوئی کوتوالی علاقہ کے تحت ملہیٹا گاؤں میں ہفتے کی رات ایک شادی کی تقریب اس وقت تنازع میں بدل گئی جب دولہا نشے کی حالت میں شادی کے مقام پر پہنچا۔

کھیساری لال کی 19 سالہ بیٹی ششی کی شادی امروہہ ضلع کے آدم پور تھانے کے تحت گاؤں ٹگریا نگر شاہ کے رہنے والے امت رانا سے ہوئی تھی۔ امت 108 ایمبولینس سروس میں  (ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن) ہے۔

یہ پڑھیں: دلہن کے انکار پر دولہے نے اسی تاریخ پر دوسری لڑکی سے شادی کرلی

شادی کی بارات ہفتے کی رات تقریباً 9 بجے بڑے دھوم دھام سے پہنچی۔ دولہا گاڑی پر سوار تھا اور اس کے دوست بینڈ باجے پر ڈانس کر رہے تھے لیکن خوشی کا ماحول جلد ہی کشیدہ ہو گیا جب دولہا ششی کے دروازے پر پہنچا۔

نشے کی حالت کی وجہ سے اس کے قدم لڑکھڑا رہے تھے اور وہ ٹھیک طرح سے بات بھی نہیں کر پا رہے تھے۔ دلہن نے یہ دیکھا تو فوراً شادی سے انکار کر دیا۔

دولہا کی حالت دیکھ کر دلہن ششی نے سخت رویہ اپنایا اور کہا کہ جو لڑکا اپنی شادی کے دن بھی ہوش میں نہ رہے وہ زندگی کے دوسرے موڑ پر کیسے ساتھ رہے گا؟ ایسے شخص سے شادی نہیں کرسکتی۔

دلہن کا کہنا تھا کہ دولہے نے جان بوجھ کر شراب نوشی کی تھی اور پوری بارات نشے میں تھی۔ وہیں دولہا امت نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ اس کے دوستوں نے دھوکے سے کولڈ ڈرنک (پیپسی) میں شراب ملا کر پلادی، وہ اس بات سے لاعلم تھا۔

دلہن کے فریق نے بتایا کہ شادی کی تیاریوں پر تقریباً 7 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ جب دلہن نے شادی سے انکار کیا تو دولہے کے فریق کو یہ رقم ادا کرنے کیلئے کہا گیا۔ پہلے تو دولہے والوں نے انکار کردیا لیکن جب معاملہ تھانے پہنچا تو بات چیت کے بعد وہ رقم ادا کرنے پر راضی ہو گئے۔