شاداب خان کو میں کبھی بھی ٹیم میں نہ رکھوں کیونکہ؟ باسط علی نے راز کی بات بتادی

باسط علی

پاکستان کے سابق کرکٹر اور تجزیہ نگار باسط علی کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی اس وقت سب سے تگڑی ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ ہے۔

یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں میزبان وسیم بادامی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اس کے بعد دوسرے نمبر کی ٹیم کوئٹہ نہیں بلکہ لاہور قلندر ہے۔

اس حوالے سے کامران اکمل نے بھی اس بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی ٹیم نئے اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے آنے سے مزید بہتر ہوئی ہے۔ خاص طور پر ایلکس ہیل کی شمولیت سے کافی فائدہ ہوا۔

ایک سوال کے جواب میں کامران اکمل نے کہا کہ پی ایس ایل کی کارکردگی دیکھتے ہوئے ٹیم میں شاداب خان کی جگہ بنتی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سلیکٹرز ان کی کون سی پرفارمنس دیکھتے ہیں۔

اس بات سے باسط علی نے شدید اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت سلیکٹر میں کبھی بھی شاداب خان کو ٹیم میں نہیں رکھوں گا کیونکہ وہ پی ایس ایل کی پرفارمنس سے نہیں آئے گا کیونکہ وہ قومی ٹیم میں کھیل چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا جب ہمارے پاس ابرار ہے صفیان ہے خوشدل شاہ ہے تو اس کی جگہ ہی نہیں بنتی اور اگر پی ایس ایل کی کارکردگی پر سینئر کھلاڑی قومی ٹیم میں آنے لگے تو نئے بچے کہاں جائیں گے؟ ۔