بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر محبوب آباد میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں شادی کے چند گھنٹوں بعد دولہے کی دردناک موت ہوگئی۔
انڈین میڈیا کے مطابق دولہے کی شناخت نریش کے نام سے ہوئی جس کی شادی کو ابھی 24 گھنٹے بھی پورے نہیں ہوئے تھے کہ وہ کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کے اگلے ہی دن دولہے کی پراسرار موت ہوگئی
حادثہ منگل کو ضلع بیارام منڈل ضلع کے علاقے کوڈیپنجولا ٹھنڈا میں پیش آیا۔ ہلاک دولہے کی عمر 25 سال تھی جس کی شادی ضلع کرشنا کی رہائشی ایک لڑکی پریا سے ہوئی تھی۔
اہل خانہ کے مطابق نوبیاہتا جوڑا شادی کی استقبالیہ تقریب کیلیے تیاری کر رہا تھا جبکہ گھر میں مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی، نریش نے پانی کی موٹر چلانے کیلیے سوئچ آن کیا تو اسے کرنٹ لگ گیا۔
نریش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ اُسی وقت ہلاک ہو چکا تھا۔ دولہے کی موت پر دلہن صدمے میں چلی گئی جبکہ گھر میں کہرام مچ گیا۔
مقامی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
چند روز قبلل بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں بنجاریا میں شادی کے اگلے ہی دن دولہے کی پراسرار موت سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
22 سالہ انکت کی شادی 30 اپریل کو حسن پور گاؤں کی رہائشی لڑکی سودھا سے ہوئی تھی جبکہ یکم مئی کو دلہن رخصتی کے بعد سسرال پہنچی۔
یکم مئی کی شام 6 بجے دولہا گھر سے باہر گیا اور اچانک لاپتا ہوگیا، اہل خانہ رات بھر انکت کو تلاش کرتے رہے لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
اگلے دن یعنی 2 مئی کو خبر ملی کہ انکت کی لاش گاؤں کے باہر ایک جگہ سے برآمد ہوئی ہے، یہ خبر ملتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا جبکہ نئی نویلی دلہن صدمے میں چلی گئی۔