وفاقی بجٹ 26-2025: کن شعبوں کو سبسڈی دی جا رہی ہے؟

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اگلے مالی سال کے لیے بجٹ پیش کر دیا ہے اس میں کئی شعبوں میں سبسڈی دینے کی تجاویز ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 26-2025 کے لیے بجٹ پیش کر دیا ہے۔ اگلے مالی سال کے اس وفاقی بجٹ میں مختلف شعبوں کے لیے سبسڈی تجویز کی گئی ہیں۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کے لیے 4 ارب روپے کی سبسڈی تجویز کی گئی ہے۔ انٹر ڈسکو ٹیرف ڈفرنشل سبسڈی کی مد میں 249 ارب 13 کروڑ سے زائد، کے الیکٹرک کے لیے 125 ارب روپے اور آزاد کشمیر کے لیے ٹیرف ڈفرنشل کی مد میں 74 ارب روپے سبسڈی کی تجاویز دی گئی ہیں۔

بجٹ میں خیبر پختونخوا کےضم اضلاع کے لیے 40 ارب روپے، پاسکو کو گندم کے ذخائر رکھنے کے لیے 14 ارب روپے، الیکٹرک وہیکل اسکیم پر مراعات کی مد میں 9 ارب روپے کی سبسڈی تجویز کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹورز کو چینی پر سبسڈی کے بقایاجات کی مد میں 15 ارب روپے ، گلگت بلتستان کو گندم پر سبسڈی کی مد میں 20 ارب روپے، یوریا کھاد کی درآمد پر 15 ارب روپے سبسڈی دینے کی تجاویز ہیں۔

بجٹ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے لیے ایک ارب روپے، 5 کلومیٹر کے قطر میں آبادیوں کیلیے گیس اسکیموں کیلیے 3 ارب روپے اور ایس ایم ای سیکٹر کو فنانسنگ بڑھانے کیلیے 5 ارب 40 کروڑ روپےکی سبسڈی دینے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

https://urdu.arynews.tv/budget-2025-26-pakistan/