کراچی: پولیس مقابلے میں گرفتار ملزمان سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے

کراچی: پولیس مقابلے میں گرفتار ملزمان سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے

کراچی: کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار ملزمان سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی کے علاقے بلال کالونی مبینہ مقابلے میں 2 زخمی ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان موٹرسائیکل مکینک کو ڈکیتی کے دوران قتل کرنے میں ملوث نکلے۔

دوران تفتیش ملزمان عبدالمنان عرف منو اور امتیاز عرف ڈاڈا نے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا اعتراف کیا، ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 9 جون کو سیکٹر 5 بلال کالونی میں واردات کی تھی، مقتول ناصر سے ملزمان موبائل فون چھین کر فرار ہوئے تھے۔

ایس ایس پی ذیشان صدیقی کا کہنا ہے کہ ناصر نے ملزمان کا پیچھا کیا اور ان کو پکڑ لیا تھا، ملزمان نے ناصر کو 5 سے زائد گولیاں مار کر زخمی کردیا تھا تاہم زخمی ناصر نے کئی گھنٹے بعد اسپتال میں دم توڑ دیا تھا۔

ایس ایس پی ذیشان صدیقی نے بتایا کہ ملزمان سے واردات میں استعمال اسلحہ برآمد ہوا،  موٹر سائیکل اور مقتول کا چھینا ہوا موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا ہے، ملزمان کو مقدمات درج کرکے شعبہ تفتیش کے حوالے کردیا گیا۔

 دوسری جانب کراچی میں راشد منہاس روڈ پر شارع فیصل پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو موقع پر ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ملزمان سے تین پستول چھینےگئے موبائل فونز اور دو موٹرسائیکلیں برآمد کرلی، پولیس نے بتایا کہ ملزمان راشد منہاس روڈ پر شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے، پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کردی، ہلاک ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

https://urdu.arynews.tv/karachi-organized-crime-unveild/