ایران حملوں سے بہت پریشان ہے، اب مذاکرات کرنا چاہتا ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران حملوں سے پریشان ہے وہ اب مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اب بات کرنا چاہتا ہے پہلے جب موقع تھا کیوں بات نہیں کی، اب بات کرنے پیغام بھجوایا ہے میں نے جواب دیا بہت دیر ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے لیے آج بھی یہی پیغام ہے کہ غیر مشروط سرنڈر کردے۔

ٹرمپ نے کہا کہ نہیں معلوم جنگ کتنے دن چلے گی لیکن ایران کی دفاعی صلاحیت نہیں ہے، ایران اس وقت مشکل میں ہے انہیں آگے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں

امریکی صدر نے کہا کہ آئندہ ہفتے انتہائی اہم ہے ہوسکتا ہے اس سے پہلے بڑی کارروائی ہو، پہلے دور میں بھی کہا تھا ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایرانی 40 سال سے امریکا مردہ باد اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں کیا کرنا چاہتا ہوں یہ کوئی نہیں جانتا، امریکا ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کرے گا یا نہیں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ میں صدر ہوتا تو روس اور یوکرین کے درمیان کبھی جنگ نہ ہوتی، روس اور یوکرین کی لڑائی میں جو رپورٹ ہوئی اس سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

پاکستان سے متعلق ٹرمپ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ بند کروائی، پاکستان ایٹمی طاقت ہے میں پاکستان کو پسند کرتا ہوں۔