ایران نے یورپی شہری کو فوجی مقامات پر جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا

تہران: ایران نے یورپی شہری کو فوجی مقامات پر جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

ایران کی فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپی شہری کو ایرانی حکام نے جنوبی ایرانی صوبے ہرمزگان سے گرفتار کیا ہے۔

یورپی شہری پر حساس اور فوجی علاقوں کی جاسوسی کا الزام تھا۔

ایرانی عدالتی ذرائع کے مطابق گرفتار شخص ایک یورپی ملک کا شہری ہے جو سیاح کا بھیس اختیار کرکے ایران میں داخل ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد ملک میں نیٹ ورک قائم کرنا، حساس معلومات جمع کرنا اور ایران کے میزائل و دفاعی نظام کو سبوتاژ کرنا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے ساتھ تنازع شروع ہونے کے بعد سے ایران درجنوں افراد کو گرفتار کرچکا ہے اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں متعدد کو پھانسی دی جاچکی ہے۔

اس سے قبل ایران کے سرکاری میڈیا کی اطلاع دی تھی کہ مغربی صوبے ہمدان میں موساد کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی کے الزام میں مزید 6 افراد کو گرفتار کیا ہے۔