امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران میں رجیم چینج سے افرا تفری ہوتی جس کا فائدہ نہیں تھا۔
اسرائیل ایران جنگ بندی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران میں نظام کی تبدیلی ہدف نہیں تھا، میرے لیے اعزاز ہے کہ ایران کی نیوکلیئر تنصیبات اور صلاحیتیں ختم کیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایران کا ایٹمی خطرہ جڑ سے ختم کردیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور ایران دونوں ہی جنگ بندی چاہتے تھے، جنگ کا خاتمہ ہوگیا ہے اب امن کا آغاز ہے یہ سب میری قیادت میں ہوا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ چاہتا تھا کہ تمام چیزیں معمول پر آجائیں۔
یہ پڑھیں: ایران کی جوہری صلاحیتیں ختم ہو چکیں، وہ اب کبھی ایٹمی قوت نہیں بن سکتا، امریکی صدر
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی بہت اچھے تاجر اور اچھے کاروباری لوگ ہیں، ایران کے پاس بہت زیادہ تیل ہے انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔
اس سے قبل امریکی صدر نے اسرائیل کو ایران پر مزید بمباری نہ کرنےکی واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے اب ایران پر بم گرائے تو یہ معاہدے کی بڑی خلاف ورزی ہوگی اور وہ اسرائیل کو جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے اسرائیل کو تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اپنے پائلٹ واپس گھر بلانے کی ہدایت بھی کی اور کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں صورتحال مزید بہتر ہو رہی ہے اور وہاں نئی صبح کا آغاز ہونے والا ہے۔