پیرس: فرانس نے ایران کی جانب سے اسرائیل بھیجے گئے ڈرونز کو رافیل طیاروں کی مدد سے تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے وزیر دفاع سیبسٹین لیکورنو نے اپنے بیان میں دعوٰی کیا کہ ہماری فوج نے جنگ بندی سے قبل اسرائیل کو نشانہ بنانے والے ایرانی ڈرونز کو روکنے کی کوششوں میں حصہ لیا تھا۔
ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پارلیمانی بحث کے دوران سیبسٹین لیکورنو نے بتایا کہ میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ اسرائیل کے خلاف ایران کی طرف سے کیے گئے مختلف فوجی کارروائیوں کے دوران فرانسیسی فوج نے 10 سے کم ڈرونز کو مار گرایا۔
فرانسیسی وزیر دفاع کے مطابق ایرانی ڈرونز کو زمین سے فضا کے دفاعی نظام یا رافیل طیاروں کے ذریعے تباہ کیا گیا۔
سیبسٹین لیکورنو نے بتایا کہ ایران اسرائیل 12 روزہ جنگ میں تہران کی طرف 400 کے قریب بیلسٹک میزائل اور ایک ہزار ڈرونز لانچ کیے گئے تھے۔
دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل اور ایران دونوں کو حالیہ جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کرنا چاہیے۔
فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پر واضح کیا کہ غزہ میں بھی جنگ بندی کے کسی معاہدے تک پہنچنا ضروری ہے۔