تنزانیہ میں دو بسوں میں تصادم، آگ لگنے سے 38 افراد جھلس کر ہلاک

مشرقی افریقی ملک تنزانیہ میں بس کے تصادم اور اس کے بعد آگ لگنے سے کم از کم 38 افراد ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تنزانیہ میں بس اور منی بس کے درمیان خوفناک تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں آگ لگنے سے مکمل جل گئیں۔

اتوار کو ایوان صدر کے ایک بیان کے مطابق حادثہ، ہفتے کی شام کلیمنجارو کے علاقے صاباسابا میں پیش آیا۔  بس کا ایک ٹائر پنکچر ہونے سے ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے میں کل 38 افراد ہلاک ہوئے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ مرنے والوں کی لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔

ایوان صدر نے مزید کہا کہ اٹھائیس افراد زخمی ہوئے جن میں سے چھ اب بھی علاج کے لیے اسپتال میں ہیں۔

صدر نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے المناک حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے اور زخمیوں کے بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔