ماسکو: یوکرین نے اپنے حالیہ حملوں میں روس کے شہر کورسک میں روسی بحریہ کے نائب سربراہ میجر جنرل میخائل گڈکوف کو ہلاک کر دیا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق میجر جنرل میخائل گڈکوف نے یوکرین کے خلاف جنگ میں بریگیڈ کی قیادت کی تھی، ان کے مارے جانے کی تصدیق مشرقی روسی علاقے کے گورنر اولیگ کوزیمیاکو نے کی۔
اس سے قبل غیر سرکاری روسی اور یوکرائنی ٹیلی گرام چینلز نے اطلاع دی تھی کہ یوکرین کی سرحد سے متصل کورسک میں میجر جنرل میخائل گڈکوف کو 10 فوجیوں سمیت ہلاک کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: یوکرین میں ایک اور امریکی ساختہ ایف 16 طیارہ گر کر تباہ
واضح رہے کہ یوکرین کے ہاتھوں مارے گئے روسی بحریہ کے نائب سربراہ سب سے سینئر روسی فوجی افسران میں سے ایک ہیں۔
گورنر اولیگ کوزیمیاکو نے اپنے بیان میں کہا کہ میخائل گڈکوف ایک افسر کے طور پر اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ہلاک ہوئے، مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
میخائل گڈکوف کو یوکرین کے خلاف فوجی کارروائی میں بہادری کا ایوارڈ ملا تھا اور یوکرین نے ان پر جنگی جرائم کا الزام لگایا تھا۔
بحریہ کے نائب سربراہ کی ہلاکت کی خبر پر روسی وزارت دفاع یا یوکرین کی طرف سے باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔