لاہور شاہدرہ واقعہ، آئی جی پنجاب نے والدین کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی

لاہور شاہدرہ کم عمر ڈرائیور آئی جی پنجاب عثمان انور

لاہور: آئی جی پولیس پنجاب نے شاہدرہ میں کار کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور 3 کے زخمی ہونے کا نوٹس لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کم عمر ڈرائیورز کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے صوبے بھر میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا حادثات کا موجب بغیر لائسنس کم عمر ڈرائیورز کو ہرگز سڑکوں پر نہ آنے دیا جائے، اور سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشان دہی کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیورز کے والدین کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، اوور سپیڈنگ،اوور لوڈنگ، ون وے خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس اپنائیں۔


لاہور شاہدرہ میں کم عمر ڈرائیور نے 3 موٹر سائیکلوں کو کچل دیا، ویڈیو


واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے شاہدرہ میں کم عمر ڈرائیور نے 3 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا تھا، ایک بھائی جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا، جس کے بعد 14 سالہ ملزم حاشر کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں رات ساڑھے 10 بجے کے قریب ملزم حاشر نے لگژری گاڑی سے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا تھا، جس میں موٹر سائیکل سوار ایک بھائی امین موقع پر جاں بحق جب کہ فرید زخمی ہو گیا۔ تیسرا شہری عمران بھی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی، شہریوں نے موقع پر ملزم کو گاڑی سے اتارا اور اس پر تشدد کیا، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر 14 سالہ حاشر کو حراست میں لے کر حوالات میں بند کر دیا۔