اسلام آباد : ملک بھرمیں مون سون بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مختلف حادثات میں آٹھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں مون سون بارشوں کے سلسلے میں شدت آگئی، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اوربالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور دریاؤں کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کےدوران مختلف حادثات میں آٹھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے،، جبکہ چھبیس جون سے چھ جولائی تک دس روز میں بارشوں اور سیلابی واقعات کے باعث مجموعی طور پر چوہتر قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے میدانی اور بالائی علاقوں میں شدید بارشوں سے چار ہلاکتیں ہوئیں، دو افراد زخمی ہوئے، جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں بھی دو، دو اموات رپورٹ ہوئیں۔
مزید پڑھیں : موسم سے متعلق خبریں
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے دس جولائی تک شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
دریائے چناب کے مرالہ اور قادرآباد مقامات پر کم درجے کا سیلاب متوقع ہے، جبکہ دریائے کابل، سندھ، چناب، سوات، پنجکوڑہ، چترال، ہنزہ اور دیگر علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نکاسی آب کے لیے مشینری اور دیگر ضروری وسائل فوری تیار رکھیں۔