اسلام آباد : شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے 10 جولائی تک شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا۔
دریائے سندھ، کابل، چناب، جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے اور تربیلا، کالا باغ، چشمہ، تونسہ پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ دریائے چناب پر مرالہ و خانکی، دریائے جہلم پر منگلا کے مقام پر سیلاب کا امکان ہے جبکہ نوشہرہ، سوات، پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
شمال مشرقی پنجاب میں درمیانے درجے کے سیلاب سے پیر پنجال نالے متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان، راجن پور کے پہاڑی نالوں میں بہاؤ میں شدت کا امکان ہے جبکہ لاہور، گجرانوالہ، سیالکوٹ، راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
مزید پڑھیں : ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا
بلوچستان کے اضلاع جھل مگسی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب و موسیٰ خیل میں بھی خطرہ ہے جبکہ گلگت بلتستان میں ہنزہ، شیگر، خنجراب، شمشال، ہوشے سمیت متعدد ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیاو مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں ساتھ ہی متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے مشینری تیار رکھیں۔