وزیراعظم کی اماراتی ٹیلی کام کمپنی کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی پیشکش

وزیراعظم شہباز شریف نے اماراتی ٹیلی کام کمپنی اتصالات گروپ

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے اماراتی ٹیلی کام کمپنی اتصالات گروپ کو مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی پیشکش کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے اتصالات گروپ کے وفد نے ملاقات کی، شہباز شریف نے اماراتی ٹیلی کام کمپنی کو مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی پیشکش کی اور یقین دلایا کہ حکومت اس سلسلے میں تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات مشترکہ ثقافت، بھائی چارے اور مذہبی اقدار پر مبنی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کی کمپنیاں کافی عرصے سے پاکستان کی معیشت میں سرمایہ کاری کر رہی تھیں، کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی اور اماراتی کمپنیوں سمیت تمام غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

سی ای او اتصالات حاتم داویدار نے بہتر کاروباری ماحول فراہم کرنے پر وزیراعظم کوخراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا پاکستان میں مزید کاروباراور انویسٹمنٹ کرنا چاہتے ہیں، ہماری کمپنی میں دس ہزار سے زائد پاکستانی کام کررہے ہیں۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شریک تھے۔