چین نے 70 سے زائد ممالک کیلیے ویزا فری انٹری کا اعلان کر دیا

چین نے 70 سے زائد ممالک کیلیے ویزا فری انٹری کا اعلان کر دیا

چین نے سیاحت کو فروغ دینے کیلیے 70 سے زائد ممالک کے شہریوں کیلیے ویزا فری انٹری کا اعلان کر دیا۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق چین میں ویزا پالیسی میں نرمی کے بعد دنیا بھر سے سیاح ملک میں سیاحتی مقامات کا رُخ کر رہے ہیں۔

نئی پالیسی کے مطابق 74 ممالک کے شہری بغیر ویزا چین میں 30 دن تک قیام کر سکتے ہیں۔ دراصل چینی حکومت سیاحت، معیشت اور اپنی طاقت کو فروغ دینے کیلیے ویزا فری انٹری کو مسلسل بڑھا رہی ہے۔

ملک کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق 2024 میں 20 ملین سے زائد غیر ملکی سیاح بغیر ویزا داخل ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: چین نے 4 ممالک کے لیے ویزا فری انٹری کی اجازت دے دی

اگرچہ زیادہ تر سیاحتی مقامات اب بھی غیر ملکیوں سیاحوں سے بھرے ہوئے ہیں لیکن ٹریول کمپنیاں اور ٹور گائیڈ اب موسم گرما کی تعطیلات کیلیے چین آنے والوں کی توقع میں بڑی آمد کیلیے تیار ہیں۔

کورونا وبا میں سخت پابندیوں کو ختم کرنے کے بعد سے چین نے 2023 کے اوائل میں سیاحوں کیلیے اپنی سرحدیں دوبارہ کھول دیں لیکن اس سال صرف 13.8 ملین لوگوں نے دورہ کیا جو کہ سال 2019 میں 31.9 ملین کے نصف سے بھی کم تھا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2023 میں چین نے فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، اسپین اور ملائیشیا کے شہریوں کیلیے ویزا فری داخلے کا اعلان کیا تھا، لیکن اس کے بعد سے تقریباً پورا یورپ نئی ویزا پالیسی میں شامل ہو چکا ہے۔

پانچ لاطینی امریکی ممالک اور ازبکستان کے مسافر پچھلے مہینے اس پالیسی میں شامل کیے گئے، آذربائیجان کے شامل ہونے سے 16 جولائی 2025 کو مجموعی تعداد 75 ہو جائے گی۔

تقریباً دو تہائی ممالک کو ایک سال کی ٹرائل پر ویزا فری داخلہ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چین کے ساتھ نسبتاً قریبی تعلقات کے باوجود کوئی بھی بڑا افریقی ملک اس ویزا پالیسی میں شامل نہیں کیا گیا۔ وہ 10 ممالک جو ویزا فری اسکیم میں شامل نہیں ہیں ان کے پاس یہ آپشن ہے کہ اگر وہ کسی اور ملک سے آ رہے ہیں تو ان کو 10 تک قیام کی اجازت ہوگی۔