اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے ترجمان ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی صدارت کو کوئی خطرہ نہیں، پیپلزپارٹی کے بغیر یہ نظام نہیں چل سکتا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے ترجمان ندیم افضل چن نے اے آر وائی نیوز کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ آصف زرداری کی صدارت کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ پیپلز پارٹی کے بغیر یہ نظام چل نہیں سکتا، اسے باہر کیسے پھینکیں گے۔
شہباز شریف سے متعلق سوال پر ترجمان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اب وزیراعظم بن گئے، مزید کیا بنیں گے۔
پنجاب میں اپوزیشن ارکان کیخلاف ریفرنس پر انھوں نے کہا کہ اسپیکرپنجاب اسمبلی کا ارکان کوڈی سیٹ کرانا جمہوری اقدام نہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی ریفرنس واپس لیں، یہ عوام کی توہین ہے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے اسپیکر نے ریفرنس نہ بھجوایا ہو صرف تصویر کھنچوائی ہو، لڑائیاں ہوتی رہتی ہیں، جمہوری روایات میں اس حدتک نہیں جایا جاتا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ملک محمد احمد کی پارٹی میں پوزیشن شاید کمزور تھی، اس لئے انہوں نے یہ قدم اٹھایا، اسپیکر کے وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کے ساتھ معاملات ٹھیک نہیں تھے اس لئے یہ کیا۔
ترجمان پی پی کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے کئی باراس سے زیادہ تشدد کے واقعات کیے لیکن ڈی سیٹ نہیں ہوئے۔
مریم نواز کی کارگردگی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ کئی حوالوں سے وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی سے مطمئن ہوں تاہم کچھ پر تحفظات ہیں، حکومت کو تشہیر پر پیسہ لگانے کے بجائے ریسکیو 1122 پر لگانا چاہئے۔
ندیم افضل کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو صلح کرنی چاہئے، لڑائیاں ختم کرائیں ورنہ تاریخ معاف نہیں کرے گی۔