سندھ کے سیلاب متاثرہ کسانوں کے لیے بڑی خوشخبری

سندھ کے سیلاب متاثرہ کسانوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ صوبائی حکومت نے ان کے امدادی فنڈ بڑا میں اضافہ کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے 2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے امدادی فنڈ میں 6 ارب سے زائد کا اضافہ کرتے ہوئے فلڈ ایمرجنسی رسپانس فنڈ 21.56 ارب سے بڑھا کر 27.68 ارب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

سندھ حکومت اور ورلڈ بینک کی مشاورت کے بعد 98 ملین ڈالر کسانوں کے لیے مختص کیے گئے۔ یہ فنڈنگ 25 ایکڑ تک زرعی زمین رکھنے والے کسانوں کو ریلیف کی مد میں فراہم کی جائے گی جب کہ اب تک امداد سے محروم ڈیڑھ لاکھ سے زائد کسانوں کو بھی فوری ریلیف دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسی حوالے سے مزید کہا کہ بینظیر ہاری کارڈ کی رجسٹریشن جاری ہے اور اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد کسان رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہاری کارڈ سے کسانوں کو جدید سہولتوں تک رسائی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ زرعی مشینری کی سبسڈی، ہنگامی نقد امداد کی فراہمی سمیت فصل کی انشورنس اور قرض کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 2022 کے سیلاب میں مجموعی طور پر 38 لاکھ ایکڑ اراضی متاثر ہوئی تھی۔ کسانوں کی بحالی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان کے لیے ہنگامی ریلیف پلان بنایا ہے۔

اس سے قبل سندھ حکومت سیلاب متاثرہ کسانوں کے لیے یوریا اور ڈی اے پی کھاد پر فی کسان کو 60 ہزار روپے سبسڈی بھی دی تھی۔